ملتان، 20اپریل (اے پی پی ): عامر کریم خان نے نشتر ہسپتال میں زیرِ تعمیر 100 بیڈز کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین سائیکلوٹرون پراجیکٹ کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے منصوبے کے لیے مکمل فنڈز فراہم کر دیے گئے ہیں اور ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو ہر صورت 30 جون تک مکمل کیا جائے۔
کمشنر نے بیسمنٹ سے لے کر تمام فلورز تک تعمیراتی کام کا جائزہ لیا جبکہ فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ فلور کے معائنے کے دوران فنشنگ ورک پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کیفے ٹیریا، ڈاکٹر روم، الیکٹریکل اور رپورٹنگ رومز کا بھی دورہ کیا گیا۔
عامر کریم خان نے 15 مئی سے قبل اسٹاف پیکج کی منظوری پر زور دیتے ہوئے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹ سکین و سائیکلوٹرون مشین کی سول ورک مکمل ہو چکی ہے اور مشینری بھی انسٹال ہو چکی ہے جبکہ صرف دو کمپوننٹس، ہاٹ سیل اور ایلیویٹرز کی تنصیب باقی ہے۔ ہاٹ سیل دبئی پورٹ پر موجود ہے جس کی تنصیب 15 مئی 2026 تک جبکہ ایلیویٹرز کراچی پورٹ پر موجود ہیں جو 10 مئی 2026 تک انسٹال کیے جائیں گے۔
کمشنر نے کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین پراجیکٹس کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔











