اسلام آباد، 20 اپریل (اے پی پی): چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے جمعرات کے روز زیر تعمیر نیشنل پولیس اکیڈمی بلڈنگ، ایلیٹ پولیس سکول اور اسلام آباد سیف سٹی کی توسیع کے منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی کی زیر تعمیر عمارت تقریباً 9 منزلوں پر مشتمل ہے اور عمارت کی تمام منزلوں کا تعمیراتی کام تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تعمیراتی کاموں کے ساتھ منصوبے کی فنشنگ کا کام بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ اکیڈمی میں زیر تربیت جوانوں کے لیے جدید ٹریننگ کی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ اکیڈمی میں اعلیٰ تربیت کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے میں شامل تمام تعمیراتی اور فنشنگ کے کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع اور ایلیٹ پولیس سکول کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ ایلیٹ پولیس سکول میں تربیت کے لیے ریپلنگ ٹاورز اور ابسٹکلز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے تعمیراتی کاموں کے ساتھ ان کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔











