اقوامِ متحدہ، 21 اپریل(اے پی پی ):پاکستان نے کولمبیا کے امن عمل کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے 2016 کے حتمی امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے لیے رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا، اور اسے دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کولمبیا کی قیادت اور ملکیت میں تیار کردہ ایک جامع لائحہ عمل قرار دیا۔
کولمبیا سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کولمبیا میں اقوامِ متحدہ کے تصدیقی مشن کی مثبت خدمات کو سراہا اور کولمبیا کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ طویل تنازع کے بعد کسی امن معاہدے پر عملدرآمد ایک کٹھن مرحلہ ہوتا ہے، اور اس مشکل داخلی ماحول کی نشاندہی کی جس میں کولمبیا 2016 کے معاہدے کو آگے بڑھا رہا ہے۔
سفیر عاصم نے امن معاہدے کے نفاذ کے لیے کولمبیا کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عملدرآمد کے تمام پہلوؤں میں پیش رفت کی حمایت کرتا ہے، جن میں طویل عرصے سے جاری تنازع سے متاثرہ افراد کی مشکلات کم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے سابق جنگجوؤں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور پیچیدہ سکیورٹی صورتحال کے باوجود حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کی حکومتی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے حالیہ انتخابی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات کے انعقاد اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے آزاد اور پرامن انتخابی عمل کے لیے معاہدے کی توثیق کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات منظم اور پرامن انداز میں منعقد ہوں گے۔
اپنے بیان کے اختتام پر، سفیر عاصم نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل اور اقوامِ متحدہ کے وسیع تر رکن ممالک کی جانب سے کولمبیا کو پائیدار امن اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔











