بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ پر جائزہ اجلاس، بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

11

اسلام آباد، 22 اپریل (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ میں تیزی لانے کیلئے جاری اقدامات میں مزید سرعت لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے نہ صرف ایندھن کے درآمدی بوجھ میں کمی آئے گی بلکہ یہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قومی ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد کیلئے الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر دی جانے والی سبسڈی میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور اس اسکیم کے نفاذ میں مزید تیزی لائی جائے۔

اجلاس کو ملک گیر سطح پر الیکٹرک وہیکلز کی ترویج کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ملک بھر میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کیلئے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفیکیٹ جاری ہو چکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کیلئے اب تک 123 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ آئندہ 5 سالوں میں ملک میں 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی سے چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے اندازاً 4.5 ارب ڈالر تک ایندھن کی بچت ہوگی۔

اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، اویس خان لغاری، احسن اقبال، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔