اسلام آباد ،23اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں تنازعہ کے دیرپا حل کے لیے سفارتی چینلز جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنگ بندی میں توسیع کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع خوش آئند ہے اور یہ قدم کشیدگی میں کمی کی طرف اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر مسئلے کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین سفارتی اور پرامن حل کو موقع دیں گے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیام امن اور تنازعہ کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔











