اسلام آباد ، 23اپریل (اے پی پی) : چیئرمین سینیٹ نے گولڑہ شریف کے پیر سید معین الحق گیلانی اور دیگر اہل خانہ سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دکھ کی اس گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گولڑہ شریف کے پیر صاحب سے دلی اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے مرحومہ کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔انہوں نے سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل اور ہمت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ والدہ کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے جس کا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کی مغفرت فرمائے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔











