ملتان میں سیوریج میگا پراجیکٹس پر تیزی، ڈپٹی کمشنر کا فیلڈ دورہ، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں

18

ملتان ,25 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے واسا کے تحت جاری میگا سیوریج منصوبوں کا دورہ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نشتر روڈ، اولڈ شجاع آباد روڈ اور حسن پروانہ روڈ پر جاری ڈسپوزل اسٹیشنز اور پائپ لائن منصوبوں کی فیلڈ انسپکشن بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سیوریج منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو درپیش نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل فراہم کرنا ہے۔محمد نعمان صدیق نے مزید کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے ان منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے اور شفافیت کے ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔