لاہور، 26 اپریل (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی ترقی اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے پنجاب کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر ضلع اور ہر حلقے میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کر رہے ہیں کہ انہوں نے 60 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی صورت میں گزشتہ 70 برسوں کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج دیا۔
انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کو نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں سراہا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز صحت، تعلیم اور سیوریج کے بوسیدہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرو گرین بسوں کا آغاز صوبے میں ایک انقلابی قدم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سموگ کے خاتمے اور پنجاب کو سرسبز بنانے کے اقدامات کو بھی تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی، ماحولیات، زراعت اور معیشت سمیت ہر شعبے میں ہونے والی پیشرفت نمایاں ہے۔ انہوں نے لاہور سے راولپنڈی تک تیز ترین ٹرین سروس کے منصوبے کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سپیکر قومی اسمبلی کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وزیراعلیٰ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مریم اورنگزیب نے قانون سازی اور پارلیمانی امور میں سردار ایاز صادق کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں قومی اسمبلی مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔











