لودھراں، 27 اپریل( اے پی پی) ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف ترقیاتی سکیموں کی فیلڈ میں خود نگرانی کے سلسلے میں متحرک ہیں۔ انہوں نے “سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام” کے تحت رشید مداری والا روڈ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اطراف میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے عمل کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 15 مئی سے قبل سیوریج لائنوں کی تنصیب کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے جبکہ سڑک کی تعمیر 15 جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور پائیداری کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ شاہراہ کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی سیوریج لائنوں کے ساتھ سڑک کے شولڈرز کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ منصوبہ دیرپا اور معیاری ثابت ہو۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رشید مداری والا روڈ کی تعمیر پر مجموعی لاگت 57 ملین روپے آئے گی جبکہ اس کی لمبائی 2.20 کلومیٹر ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت اور مؤثر انداز میں انجام دیں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ محمد ظفر، واسا، نیسپاک اور میونسپل کارپوریشن کے افسران بھی موجود تھے۔











