وفاقی وزیر جام کمال خان سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات ، دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ پر  تبادلہ خیال

9

اسلام آباد، 29اپریل(اے پی پی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تجارت کے حجم میں اضافے اور خطے میں اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیر تجارت نے اس موقع پر علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے سہولت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لاجسٹکس نظام کی بہتری اور متبادل تجارتی راستوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جام کمال خان نے مربوط تجارتی راہداریوں کے قیام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جدید لاجسٹکس حب اور ٹرانسپورٹ نظام سے خطے میں روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے مشترکہ بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی۔

وزیر تجارت نے چین کے ساتھ تعاون کو علاقائی روابط کے تناظر میں اہم قرار دیتے ہوئے متعدد تجارتی راستوں کو فعال رکھنے اور برآمدی و درآمدی اداروں کے درمیان براہ راست روابط قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر تاجک سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے پاکستان کے علاقائی رابطوں کے اقدامات کو سراہا اور سستی و قابلِ اعتماد ٹرانزٹ روٹس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان اپنی اضافی توانائی پاکستان کو برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ایلومینیم کی تجارت اور صنعتی تعاون میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔

دونوں فریقین نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے پلیٹ فارم کو مزید مؤثر بنانے اور باہمی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔