اسلام آباد، 4 مئی ( اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک سے آج اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف فنانس اینڈ سسٹین ایبلٹی، چین کے صدر مسٹر ما جون نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مسٹر ما جون نے وفاقی وزیر کو چین کے گرین ایکسلریٹر پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی، جو 2016 میں 35 جامع پالیسی سفارشات پر مشتمل ایک فریم ورک کے تحت شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چین نے اس پروگرام کے تحت دنیا کا سب سے بڑا گرین فنانسنگ نظام قائم کیا ہے جس کا حجم تقریباً 7 ٹریلین امریکی ڈالر ہے۔ مزید برآں، چین اس وقت دنیا میں ہوا اور شمسی توانائی کے آلات کی تقریباً 70 فیصد پیداوار جبکہ عالمی الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار کا تقریباً 60 فیصد حصہ فراہم کر رہا ہے۔
مسٹر ما جون نے وضاحت کی کہ گرین ایکسلریٹر پروگرام کا بنیادی مقصد ٹیکنالوجی، فنانس، کاربن مارکیٹس اور منصوبہ سازی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قابلِ سرمایہ کاری (بینکیبل) گرین منصوبے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے قابلِ عمل اور تجارتی بنیادوں پر پائیدار موسمیاتی حل سامنے لائے جا سکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران مختلف ممالک میں گرین ٹیکنالوجیز اور منصوبوں کے عملی اطلاق پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان میں بنگلہ دیش میں جوٹ کی لکڑی سے بایوچار کی پیداوار، چین اور ازبکستان میں ذہین و مؤثر آبپاشی نظام، اور ابوظہبی میں پائیدار صحرائی زراعت کے منصوبے شامل ہیں۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ جدید اور اختراعی حل کو مقامی حالات کے مطابق ڈھالنا اور ان کی مالی پائیداری کو یقینی بنانا نہایت اہم ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے مسٹر ما جون کو وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے زیرِ عمل اقدام “گرین فیلڈز” کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا مقصد گرین منصوبوں پر کام کرنے والے نوجوان کاروباری افراد کو قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے منسلک کرنا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے پاکستان میں گرین انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع پیدا کرنا مقصود ہے۔وفاقی وزیر نے گرین فنانس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عملی، قابلِ توسیع اور مقامی ضروریات سے ہم آہنگ موسمیاتی حل کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک سبز اور پائیدار معیشت کی جانب منتقلی کے لیے عالمی تجربات اور شراکت داریوں سے بھرپور استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔











