لودھراں، 5 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ یونٹ اور ہیلتھ فیسلٹیز سنٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے علاج معالجہ کے معیار، مشینری کی فعالیت اور ادویات کی دستیابی کو چیک کیا اور موقع پر موجود مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹروں اور عملے کے رویے اور کارکردگی کے حوالے سے بھی معلومات لیں۔اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کا چیک اپ ان کی باری کے مطابق یقینی بنایا جائے اور پہلے آنے والے مریضوں کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کی تکالیف کے فوری ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا حق ہے اور اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رش کے پیش نظر ہسپتال میں معاملات کو تیز رفتاری سے نمٹایا جائے جبکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر وقت موجود ہے۔











