کابینہ کا جلاس، آنے والے عام انتخابات، انتظامی امور اور گورننس سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور

6

گلگت، 05 مئی (اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، جسٹس (ر) یار محمد کی زیر صدارت منگل  کے روز کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آنے والے عام انتخابات، انتظامی امور اور گورننس سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں تمام اراکین کابینہ، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، آئی جی پولیس اور تمام محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں “معرکہ حق” کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔

ایجنڈے کے تحت سابقہ کابینہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف محکموں کی کارکردگی کا بغور معائنہ کیا گیا اور پیش رفت رپورٹس پیش کی گئیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زیر التواء فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ حکومتی کارکردگی میں بہتری اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان اور یونیورسٹی آف لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح ای-اسٹیمپ کی منظوری دی گئی، جس سے عوام کو سہولت کے ساتھ ساتھ جعلی اسٹیمپ پیپرز اور فراڈ کا خاتمہ ہوگا۔

اس کے علاوہ سماجی بہبود ڈیپارٹمنٹ کے کاسٹ سینٹر کے تحت گرانٹ ان ایڈ میں 1 کروڑ روپے کے فنڈز کے استعمال کی منظوری دی گئی۔ یہ رقم آئی ایل سی  کی غیر سرکاری تنظیم کو دی جائے گی، جو گلگت میں معذور افراد کی فلاح و تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور انتخابی عمل کو ہر لحاظ سے غیر جانبدار بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قانون کی بالادستی، میرٹ اور شفافیت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور عوامی اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔