ملتان،6 مئی (اے پی پی) : کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید کے دوران شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف محکموں کو خصوصی ٹاسک سونپے گئے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی کڑی نگرانی کی جائے جبکہ تمام گاڑیوں کی انسپکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری سیکرٹری آر ٹی اے کو سونپی گئی ہے۔
انہوں نے مویشی منڈیوں میں اوورچارجنگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی پر مقدمات درج اور گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں۔ مزید برآں مویشی منڈیوں میں چچڑ مار اسپرے کیلئے لائیو اسٹاک کیمپس قائم کرنے اور یکم ذی الحج سے تمام منڈیاں فعال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کرنے، شہر کی اہم شاہراہوں، گلی محلوں، پارکوں اور گرین بیلٹس کی فوری صفائی یقینی بنانے پر زور دیا۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سڑکوں کی صفائی اور دھلائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنر دفاتر میں مرکزی کنٹرول رومز قائم کرنے، سینٹری ورکرز کو کھانے، پانی اور بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے اور بازاروں میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
کمشنر نے مساجد، قبرستانوں، بس اڈوں اور ٹرمینلز کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے، کینٹینز پر ناقص اشیاء کی فروخت کے خلاف کارروائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے سٹریٹ لائٹس کی فعالیت، شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش، پارکوں میں جھولوں کی انسپکشن اور مون سون کے پیش نظر پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے نہروں پر نہانے سے متعلق دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے حکومت پنجاب کو مراسلہ ارسال کرنے کی بھی ہدایت دی جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو عید کے موقع پر ڈیوٹی روسٹر جاری کر کے فیلڈ میں موجود رہنے کا پابند بنایا گیا ہے۔











