وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی سینیٹ اجلاس، تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ

7

اسلام آباد، 6 مئی )اے پی پی ):حکومتِ پاکستان کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی کی سینیٹ کا نواں اجلاس وفاقی وزیر خالد حسین مگسی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں تعلیمی، انتظامی، مالیاتی اور پالیسی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق انسانی وسائل کی بہتری اور کیریئر ڈویلپمنٹ نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ پروگرامز کے فروغ اور تعلیمی مواقع میں اضافے سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینیٹ اور دیگر اداروں میں الیکٹرانک ووٹنگ کے نفاذ کی تجویز پر غور کیا گیا، جبکہ یومیہ اجرتوں، اسکالرشپس اور ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

اعلامیے کے مطابق اہم انتظامی و تعلیمی تقرریوں اور سلیکشن بورڈ کے فیصلوں کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ فیکلٹی اور نان فیکلٹی تقرریوں و ترقیوں کی بھی منظوری دی گئی۔ نئے تعلیمی اداروں کے الحاق کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ رہی۔وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے ذیلی کمیٹیوں کی فعالیت بڑھانے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر کامسیٹس یونیورسٹی نے تعلیمی معیار، شفافیت اور ادارہ جاتی ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔