اسلام آباد، 6 مئی)اے پی پی ):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے ملاقات کی، جس میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) اور دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سی پی ایف پر عملدرآمد اور اس کے اہداف کے حصول کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ احد چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے معیشت کے استحکام کے لیے حکومت پاکستان کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں بچوں میں غذائی قلت (اسٹنٹنگ) کے خاتمے کے لیے جاری پروگراموں، سیلاب اور موسمیاتی خطرات کے اثرات میں کمی، اور صاف و پائیدار توانائی کے فروغ سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
فریقین نے نجی شعبے کی پیداواری اور شمولیتی سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ ورلڈ بینک گروپ کے مسلسل تعاون کو سراہا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پالیسی تسلسل اور مؤثر اصلاحات کے ذریعے پاکستان کی طویل مدتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔











