اسلام آباد، 07 مئی ( اے پی پی): جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی (لاجا) کے اشتراک سے منشیات کے مقدمات میں زیرِ حراست خواتین کو مؤثر قانونی امداد فراہم کرنے کے لیے وکلاء کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے وکلاء پر مشتمل پہلے گروپ کو ڈیجیٹل لیگل ایڈ پائلٹ پروگرام کے تحت تربیت دی گئی، جس کا مقصد صنفی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان خواتین کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ‘لاجا’ عادل انور نے کہا کہ یہ پروگرام روایتی قانونی امداد کو منظم اور جوابدہ نظام میں تبدیل کرے گا، جبکہ جے پی پی کی عائشہ سلیم نے واضح کیا کہ اس عمل میں “وکیل آن لائن” ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مقدمات کی پیش رفت کی نگرانی کی جائے گی تاکہ خواتین قیدیوں کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔











