پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار اور چوکس ہیں، ایئر وائس مارشل( ر) ساجد حبیب ،بریگیڈیئر( ر)غضنفر علی

9

لاہور،07مئی  (اے پی پی):ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ ساجد حبیب اور دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ غضنفر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار اور چوکس ہیں ،ہماری بہادر افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا کہ وطن عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں معرکہ حق کے عنوان سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے نمائندہ خصوصی رضوان انور، ماہا جمیل، وائس چانسلر پروفیسر زیب النسا حسین، فیکلٹی ممبران، طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایئر وائس مارشل  ریٹائرڈ ساجد حبیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن اب صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ فکری اور اطلاعاتی جنگ کے ذریعے بھی نوجوان نسل کو نشانہ بنا رہا ہے، اس لیے طلبہ و طالبات کو سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن فیک نیوز، جھوٹے بیانیے اور نفسیاتی حربوں کے ذریعے قوم میں انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے مگر پاکستان کے نوجوان باشعور ہیں اور وہ ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حسد، وسوسوں اور منفی سوچ سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ مضبوط قومیں مثبت سوچ، اتحاد اور ایمان کی بنیاد پر ہی ترقی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی، یہی اتحاد اور یکجہتی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت، لاکھوں قربانیوں اور بے مثال جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل تک یہ تاثر دیا جاتا تھا کہ بھارت دفاعی، تکنیکی اور آئی ٹی میدان میں پاکستان سے بہت آگے ہے، مگر معرکہ بنیان  مرصوص نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں۔ ہماری افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا جبکہ پاکستانی نوجوانوں نے ڈیجیٹل اور معلوماتی محاذ پر بھی بھرپور کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان دفاعی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تعلیم، ہنر، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ذریعے ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ غضنفر علی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر حملہ کرکے دراصل ہمیں اپنی دفاعی صلاحیتیں دنیا کے سامنے ثابت کرنے کا موقع فراہم کیا۔ دشمن نے رات کی تاریکی میں سول آبادی کو نشانہ بنا کر نہ صرف بزدلی کا مظاہرہ کیا بلکہ عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی بھی کھلی خلاف ورزی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ2019  میں بھارت نے رات کے اندھیرے میں بالا کوٹ پر حملہ کرکے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے نہ صرف اس جارحیت کا فوری اور موثر جواب دیا بلکہ دشمن کے جنگی طیارے مار گرا کر اپنی دفاعی برتری بھی ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرنے کے باوجود پاکستان نے اسلامی اور انسانی اقدار کے مطابق اسے عزت و احترام کے ساتھ واپس کیا جسے دنیا بھر میں پاکستان کے ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے طور پر سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس واقعہ سے سبق سیکھنے کے بجائے پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر عائد کرکے ایک مرتبہ پھر خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘عرصہ دراز سے پاکستان کے خلاف سازشوں، جھوٹے بیانیوں اور فالس فلیگ آپریشنز میں ملوث رہی ہے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کیا جا سکے مگر حقیقت ہمیشہ سامنے آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی گودی میڈیا نے جھوٹ اور فیک نیوز کا ایسا طوفان برپا کیا کہ خود بھارت کو عالمی سطح پر سبکی اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ آج دنیا یہ تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، امن پسند اور باوقار ریاست ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور حکمت عملی سے دنیا بھر میں اپنی برتری منوائی۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگی سازوسامان سے زیادہ اہم جذبہ، تربیت اور عزم ہوتا ہے اور یہی خصوصیات پاکستان کی افواج کو دنیا کی بہترین افواج میں شامل کرتی ہیں۔ بحریہ، بری فوج اور فضائیہ نے ہر محاذ پر ایسی قربانیاں اور کارنامے سرانجام دیے ہیں جو ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف ایک اہم جنگ لڑ رہا ہے اور ہماری افواج نے بے شمار قربانیاں دے کر ملک میں امن قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور نوجوان نسل کو بھی چاہیے کہ وہ قومی یکجہتی، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دے۔انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے۔ جس طرح مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے، اسی طرح نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیم، تحقیق، سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت اور قومی خدمت کے میدان میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں۔سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق دراصل ایک مسلسل جدوجہد، نظریے اور قومی سوچ کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی اور جارحیت کی راہ اپنائی، حالانکہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تاکہ اصل حقائق دنیا کے سامنے آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی تاریخ ہمیشہ رات کی تاریکی میں حملے کرنے کی رہی ہے جبکہ پاکستان ہر جارحیت کا جواب جرات، حکمت اور کھلے میدان میں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جذبہ شہادت سے سرشار ہیں اور انہوں نے دشمن کو ایسا سبق دیا جسے وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس فضاؤں کی حکمران قوت بن کر ابھری ہے اور دنیا کو واضح پیغام ملا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ دفاعی میدان میں پاکستان پہلے ہی اپنی برتری ثابت کر چکا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ملک معاشی میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔سلمان غنی نے کہا کہ بھارتی قیادت بوکھلاہٹ اور دباؤ کا شکار ہے جبکہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اتحاد، شعور اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ دشمن کی ہر سازش ناکام بنائی جا سکے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے نمائندہ خصوصی رضوان انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی آج وہی پاکستان دنیا کے اہم فیصلوں میں موثر اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں صرف مسلح افواج ہی نہیں بلکہ نوجوان نسل نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستانی نوجوانوں نے سوشل میڈیا، آئی ٹی اور معلوماتی محاذ پر دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کا موثر جواب دے کر یہ ثابت کیا کہ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر زیب النسا حسین نے معزز مہمانوں، مقررین اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں قومی شعور، فکری آگاہی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی طلبہ و طالبات کی علمی، فکری اور قومی تربیت کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔