فیسکو کی ’’معرکۂ حق‘‘ ریلی، پاک افواج کو شاندار خراجِ تحسین

12

فیصل آباد09، مئی (اے پی پی ):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے زیر اہتمام ’’معرکۂ حق (بنیان مرصوص)‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار اور عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس میں افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی کا افتتاح چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے سبز غبارے فضا میں چھوڑ کر کیا۔ شرکاء قومی پرچم تھامے ہوئے تھے جبکہ پاک فوج اور قومی سلامتی کے حق میں مختلف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے دوران وطن سے محبت، اتحاد اور قومی یکجہتی کے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری سے ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیرفورس نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور دنیا پر اپنی برتری ثابت کی۔

فیسکو ترجمان کے مطابق ’’معرکۂ حق‘‘ قومی اتحاد، استقامت اور حب الوطنی کی علامت بن چکا ہے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے متحد رہے گی۔

ریلی میں فیسکو کے جنرل منیجرز، چیف انجینئرز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی، جبکہ فیسکو دفاتر کو بھی قومی پرچم، بینرز اور فلیکسز سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔