اسلام آباد، 11 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ بات انہوں نے وزارتِ صحت کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں پمز اور پولی کلینک ہسپتال کی استعداد کار میں بہتری اور اپ گریڈیشن سے متعلق اسٹڈی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دونوں ہسپتالوں کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ کنسلٹنٹ نے اپ گریڈیشن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ اسلام آباد کو صحت کے حوالے سے ماڈل سٹی بنانا ہے جہاں جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی آبادی کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور دور دراز علاقوں سے بھی لوگ علاج کے لیے آتے ہیں اس لیے آئندہ دو دہائیوں کی صحت کی ضروریات کے مطابق انفراسٹرکچر کی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں کے لیے ایک جامع اور طویل المدتی ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر پلان تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتالوں کا نظام مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پمز اور پولی کلینک میں مریضوں کی دیکھ بھال، صفائی کے نظام اور انفیکشن کنٹرول سمیت تمام شعبہ جات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے جبکہ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل ایکریڈیشن مرحلہ وار حاصل کی جائے۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ پمز ہسپتال کو دو سال کے اندر جے سی آئی ایکریڈیشن دلوا کر بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ٹیم اور کنسلٹنٹ کو ہدایت کی کہ جامع اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کر کے تین ہفتوں کے اندر تجاویز اور سفارشات پیش کی جائیں تاکہ آئندہ کے لیے ایک مؤثر اور پائیدار حکمتِ عملی مرتب کی جا سکے۔











