ملتان میں 25.8 ارب روپے کے سیوریج میگا منصوبوں پر تیزی سے کام، 53 فیصد مکمل

10

ملتان ،11 مئی (اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن “معیاری سیوریج، صاف پنجاب” کے تحت ملتان شہر میں سیوریج اور نکاسی آب کے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے کریٹیکل کمپوننٹ کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا 53 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے مختلف ورکنگ سائٹس کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا ذیشان شوکت گوندل نے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی ایم ڈی واسا نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 25.8 ارب روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ 30 جون 2026 تک پی ڈی پی فیز ون کے کریٹیکل کمپوننٹ کے تحت 21 کلومیٹر طویل بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا کام جاری ہے جبکہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر اور استعداد کار میں اضافے کے منصوبوں پر دن رات کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نشتر روڈ، ڈیرا اڈا چوک تا پل شوالہ، افسرز کالونی اور ملتان ایونیو سمیت مختلف علاقوں میں نئی سیوریج لائنیں بچھانے اور بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ گھنٹہ گھر، حسین آگاہی، پیر خورشید کالونی، گلگشت، نوید بریانی روڈ، کائیاں پور اور بستی سورج کنڈ سمیت متعدد علاقوں میں منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے جہانگیر آباد ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا معائنہ کرتے ہوئے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام سائٹس پر ڈے اینڈ نائٹ شفٹوں میں کام جاری رکھا جائے تاکہ آئندہ مون سون سیزن میں اربن فلڈنگ کے مسائل پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ورکس حافظ محمد وقاص، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژن رائے محمد ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔