ڈپٹی کمشنر لاہور کا کامران بارہ دری کا دورہ،بارہ دری کی بحالی کا کام تیز، جون 2026 تک تکمیل متوقع

7

لاہور، 11 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کامران بارہ دری کا دورہ کیا اور جاری بحالی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر راوی، محکمہ آثارِ قدیمہ، واسا اور پی ایچ اے کے حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تحصیل راوی میں واقع تاریخی عمارت کامران بارہ دری کی بحالی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ آثارِ قدیمہ کے حکام نے بتایا کہ واسا اور پی ایچ اے کے تعاون سے بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں اور منصوبہ جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ بحالی کے کام میں معیار اور مقررہ ٹائم لائن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ تاریخی عمارت کے اصل فنِ تعمیر کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے کو اطراف میں خوبصورت لینڈ اسکیپنگ اور شجرکاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کیپٹن محمد علی اعجاز نے بحالی کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ کامران بارہ دری لاہور کا قیمتی تاریخی ورثہ ہے اور تاریخی مقامات کی بحالی ہماری ثقافتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔