سرکاری تعلیمی اداروں میں مثالی تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تدریسی معیار بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز

8

ملتان، 11مئی (اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے سرکاری تعلیمی اداروں میں مثالی تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تدریسی معیار بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کر دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول اور گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائیر سیکنڈری سکول کے اچانک دورے کئے۔

ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز میں جا کر تعلیمی سہولیات، تدریسی ماحول، طلباء کی حاضری اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم اور بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

محمد نعمان صدیق نے اساتذہ کرام کو نئی نسل کی بہترین تربیت اور بھرپور آبیاری کی تلقین کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، صفائی اور تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات مؤثر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مثالی تعلیمی نظام ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے جبکہ طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔