وزیراعظم کی سے کھاد کی بروقت فراہمی یقینی بنانیکی ہدایت، خلیجی سپلائی متاثر ہونے پر وسطی ایشیا سے متبادل انتظامات کا حکم

9

اسلام آباد، 12 مئی 2026 (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔

وزیراعظم نے خریف اور ربیع سیزن کیلئے کھاد کے وافر ذخائر یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے نئے پلانٹ لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کھاد کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار کیلئے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے اور خریف کی فصلوں کیلئے کھاد کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔