ملتان، 12 مئی (اے پی پی ):چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی صورتحال کا جائزہ لیا اور عملہ صفائی کی حاضری چیک کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ بھی کیا۔
سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ سے قبل شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کیلئے فیلڈ آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ذوالفقار احمد نے صفائی عملے سے ملاقات کی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے سینیٹری ورکرز کو شاباش دی۔ انہوں نے صفائی عملے کی حاضری، مشینری اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ عبادت گاہوں، مرکزی بازاروں، پارکوں اور تجارتی مراکز میں خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے جبکہ ملبہ جات اور کوڑا کرکٹ کی بروقت کلیئرنس کیلئے اضافی ٹیمیں بھی فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہیں۔











