امن و امان کی صورتحال اور وزارت داخلہ کے امور پر اجلاس، وزیراعظم کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت، کرپشن پر زیرو ٹالرنس کا حکم

13

اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال اور وزارت داخلہ کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کو جدید تربیت اور مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ سازوسامان کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل فعال ہو جائے گی۔ وزیر داخلہ نے اجلاس کو ایف آئی اے، اسلام آباد پولیس، این سی سی آئی اے، فیڈرل کانسٹیبلری، سی ڈی اے اور وزارت داخلہ کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت طلال چوہدری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔