کوہاٹ کے بہادر شہری لیاقت علی کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا

7

 

اسلام آباد،13 مئی ( اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سفارش پر کوہاٹ کے قریب اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی کو صدر ِمملکت آصف علی زرداری نے ستارہ شجاعت سے نواز ۔

ستارہ شجاعت شہید شہری لیاقت علی کی والدہ نے وصول کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ شہید لیاقت علی نے ہمت و بہادری کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت کے لیے ملک کا ہر شہری سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادیوں اور معصوم و نہتے لوگوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشتگرد پاکستانی قوم کے بلند حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم شہید لیاقت علی اور ان کے اہل خانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔