اسلام آباد، 13مئی(اے پی پی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں بڑے صنعتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی کمپنی نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر صنعتی منصوبہ قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ منصوبے کے تحت بیس ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور سالانہ چار سو سے پانچ سو ملین ڈالر تک برآمدات متوقع ہیں۔ وفد نے بالخصوص ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے چینی سرمایہ کاروں کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے برآمدی صنعت، مینوفیکچرنگ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مرکز بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتی لاگت میں کمی، کاروباری سہولتوں میں بہتری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
چینی وفد نے پاکستان کی صنعتی استعداد، ہنر مند افرادی قوت اور جغرافیائی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی معیار کی پیداوار اور برآمدی سرگرمیوں کے لیے موزوں ملک ہے۔ وفد نے پاکستان میں اپنے مثبت کاروباری تجربات کا بھی اظہار کیا اور مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔
جام کمال خان نے صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو خصوصی صنعتی خام مال کی درآمد سے متعلق تجاویز وزارتِ تجارت کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں جاری اصلاحات اور سہولتوں کے اقدامات سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔











