اسلام آباد ،14 مئی(اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی میں ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو یو اے ای سے بڑے پیمانے پر دیپورٹ کیے جانے کا تاثر درست نہیں ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک موجود ہر پاکستانی کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اسے نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کے پاسپورٹ کی بین الاقوامی رینکنگ اور ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، اور یہ بات کسی ذاتی دعوے پر نہیں بلکہ عالمی رپورٹس پر مبنی ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق اس عرصے میں کئی ممالک کے ساتھ آفیشل اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری کے معاہدے ہوئے ہیں، جن میں یو اے ای بھی شامل ہے۔ پہلے یو اے ای میں آفیشل اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر انٹری کی سہولت نہیں تھی، اب موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ تعلقات بہتر ہیں اور حکومت نے اس معاملے پر ذمہ داری سے وضاحت جاری کی ہے۔ اس ماہ کی ترسیلات زر میں یو اے ای دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ سعودی عرب پہلے نمبر پر ہے۔ تقریباً 17 لاکھ پاکستانی یو اے ای میں قانونی طور پر مقیم ہیں اور دونوں ممالک کی معیشت میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کسی ملک کے خلاف جلد بازی میں بیانیہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے، اس سے ملک کے مستقبل کے تعلقات متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے ایوان سے اپیل کی کہ سیاست کے بجائے کارکردگی اور کام پر بات کی جائے۔











