وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کالاہور پریس کلب کا دورہ ، گورننگ باڈی سےملاقات

8

لاہور، 15 مئی (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری افضال طالب اور گورننگ باڈی کے ارکان سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر پریس کلب کی سرگرمیوں اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر نے بعض مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ “سُتھرا پنجاب” پروگرام کے تحت صفائی کا منظم نیٹ ورک روز بروز مضبوط ہو رہا ہے اور پہلی مرتبہ پنجاب حکومت دور دراز علاقوں تک صفائی کی سہولیات پہنچانے میں کامیاب ہوئی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سُتھرا پنجاب پروگرام کو خود انحصار بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر صفائی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے اور رواں عیدالاضحیٰ پر گزشتہ برسوں سے بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عید پر میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا اور اس بار بھی صفائی آپریشن سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔

ذیشان رفیق نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کی آلائشیں مقررہ کولیکشن پوائنٹس پر ہی پھینکی جائیں تاکہ صفائی آپریشن کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “ویسٹ ٹو ویلیو” پروگرام پاکستان میں ایک نیا تجربہ ہے اور مستقبل میں اس منصوبے کیلئے غیر ملکی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سُتھرا پنجاب کو کمپنی ماڈل سے اتھارٹی ماڈل میں منتقل کیا جا رہا ہے جس سے پروگرام مزید مستحکم ہوگا۔ ان کے مطابق پنجاب اور لاہور ڈویلپمنٹ سمیت مثالی گاؤں منصوبوں کے تمام کنٹریکٹس ای ٹینڈرنگ کے ذریعے دیے گئے ہیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام دیگر صوبوں کیلئے مثال بن چکا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوامی فلاح کے متعدد مؤثر منصوبے شروع کیے ہیں۔ انہوں نے پریس کلب کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر وزیر بلدیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر بلدیات نے بعد ازاں سیکرٹری لاہور پریس کلب افضال طالب کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔