لاہور، 15 مئی (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیوریج نظام کی بہتری پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پروگرام مینجمنٹ یونٹ کے افسران اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 190 کلومیٹر نئی ڈرین تعمیر کی جا چکی ہے جبکہ مزید 26 کلومیٹر ڈرین کی مرمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 287 سکشن، جیٹنگ اور ڈی سلٹنگ مشینیں خریدی جا رہی ہیں تاکہ شہروں میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ اسی طرح مختلف شہروں میں 3497 کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کی تعمیر و مرمت بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ پہلی مرتبہ بیک وقت 25 جنرل اور 152 روڈ سائیڈ اسٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ زیر زمین واٹر ٹینکس میں 55 ملین گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لائننگ پائپ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ منصوبوں کے معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ محکمہ بلدیات اس وقت 52 شہروں میں میونسپل اسکیموں کی نگرانی کر رہا ہے اور بیشتر شہروں میں پہلے سے مؤثر سیوریج سسٹم موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیادہ خراب صورتحال والے شہروں کو پہلے مرحلے میں شامل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار 200 شہروں تک بڑھایا جائے گا جبکہ ماسٹر ٹاؤن پلاننگ کے ذریعے ترقیاتی اسکیموں کی بہتر انداز میں تکمیل ممکن بنائی جا رہی ہے۔











