آصفہ بھٹو زرداری کی پاکستان اورزمبابوے ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان آخری میچ میں خصوصی شرکت

12

کراچی،16مئی  (اے پی پی):خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان ویمن اور زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے آخری میچ میں خصوصی شرکت کی اور پاکستان ویمن ٹیم کی تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباددی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتونِ اول نے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سیریز میں تاریخی کامیابی حاصل کی بلکہ پوری قوم کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی کامیابیاں نوجوان لڑکیوں کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔

خاتونِ اول نے قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کی ریکارڈ ساز کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں “پلیئر آف دی میچ” ایوارڈ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ ثناء نے اپنی بہترین کھیل سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

اس موقع پر خاتونِ اول نے فاتح پاکستان ویمن ٹیم کو ٹرافی پیش کی جبکہ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز میں میڈلز بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کرکٹرز سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قومی کھیل کے فروغ میں کردار کو سراہا۔