اسلام آباد، 18 مئی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پیر کے روز ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کی صدر زو جیا یی (Zou Jiyai) نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے AIIB کی صدر کو عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے مشاورتی دورے کے سلسلے میں پاکستان میں پہلی مرتبہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان، AIIB کے بانی اراکین میں شامل ہونے کے ناطے، بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے AIIB کی مسلسل معاونت کو سراہا۔
وزیراعظم نے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے AIIB کے ساتھ مستقبل کے تعاون کے اہم شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ریلوے، زراعت و زرعی صنعت، علاقائی روابط، قابلِ تجدید و مقامی توانائی کے وسائل، نیز نوجوانوں کی آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں شمولیت پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے اقتصادی استحکام اور طویل المدتی ترقی کے لیے جاری پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاری دوست ماحول کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ AIIB جیسے ممتاز کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری ان مقاصد کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اعلیٰ سطحی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور AIIB کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے وفد کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بینک کے قیام کے دوران پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے ادارے کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان کی قیادت، بالخصوص اُس وقت کے وزیر خزانہ اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی حمایت اور خدمات کو سراہا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کے مضبوط عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا ۔ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان کے اسٹریٹجک شعبوں میں منظم انداز میں معاونت فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
زو جیا یی نے اس بات پر زور دیا کہ AIIB پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، جن میں ریلوے، شاہراہوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی، علاقائی اور سرحد پار روابط، آئی ٹی و مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، اور شہری و دیہی ترقی شامل ہیں۔
دونوں جانب سے پائیدار ترقی، علاقائی انضمام اور اقتصادی نمو کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور قریبی اشتراکِ عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام بھی شریک تھے۔











