وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

4

اسلام آباد،  20 مئی (اے پی  پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین  تسائی دافنگ کر رہے تھے۔

چینی وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔

وزیراعظم نے معزز چینی مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ملکوں کی تاریخی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔

شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیا اور اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے پختہ عزم کا اظہار کیا، جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات پر توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورۂ چین کے منتظر ہیں۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لیے قریبی تعاون جاری رہے گا۔

دونوں جانب نے زور دیا کہ پاکستان اور چین کا آہنی بھائی چارہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا اہم ستون ہے۔