اقوامِ متحدہ، 21 مئی ( اے پی پی): دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال میں پاکستان کی دیرینہ خدمات اور سیالکوٹ کے ہنرمند کاریگروں کی مہارت کو اقوامِ متحدہ میں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ عالمی یومِ فٹبال 2026 اور فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بیئربوک کو پاکستان میں تیار کردہ ایڈیڈاس “ٹرائیوناڈو” فٹبال پیش کی۔ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے تاریخی نارتھ لان میں منعقدہ اس تقریب کے دوران سفارتکاروں، سابق فٹبالرز اور یو این عملے کے مابین دوستانہ میچز بھی کھیلے گئے، جس میں شرکاء نے جغرافیائی اختلافات سے بالاتر ہو کر کھیل کے ذریعے یکجہتی کا جشن منایا؛ اس موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں سفیر عاصم افتخار احمد نے سیالکوٹ کے باصلاحیت مزدوروں کو ملک کا عالمی تشخص اجاگر کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فٹبال سازی کی صنعت غیرمعمولی مہارت، محنت اور عزم کی مظہر ہے جو عالمی سطح پر امن، دوستی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں ہمیشہ کی طرح اپنا اہم ترین کردار ادا کر رہی ہے۔











