اسلام آباد، 21 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں آبی وسائل سے متعلق اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بڑے آبی منصوبوں کی پیش رفت، انتظامی امور اور منصوبہ بندی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مزید مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ قومی اہمیت کے اس منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو منصوبہ بندی اور انتظامی صلاحیت بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں تربیلا توسیعی پن بجلی منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے منصوبے میں شفافیت، نگرانی اور انتظامی طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے مختلف پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے اور آئندہ کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ قومی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، احتساب اور بہتر حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔











