پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں ثابت قدم رہنے والی دوستی ہے اور یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے صدرِ مملکت آصف علی زرداری

5

 

اسلام آباد، 21 مئی ( اے پی پی):  صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں ثابت قدم رہنے والی دوستی ہے اور یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز  ایوانِ صدر میں چین کی قومی عوامی کانگریس  کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین  کائی دافنگ سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان میں سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی سطح پر مکمل قومی اتفاقِ رائے رکھتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، صدر شی جن پنگ کے ’’مشترکہ مستقبل کے حامل انسانی معاشرے‘‘  کے وژن اور اس سے متعلقہ اقدامات، بشمول بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو، گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

‎صدر زرداری نے اپنے حالیہ دورۂ چین (25 اپریل تا یکم مئی 2026) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی دونوں صدارتی مدتوں میں پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ذاتی طور پر سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

‎ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے اس موقع کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس مناسبت سے خصوصی قراردادیں بھی منظور کی ہیں۔

‎صدر آصف علی زرداری نے چین میں ’’ٹو سیشنز‘‘  کے کامیاب انعقاد اور 15ویں پانچ سالہ منصوبے کی منظوری پر چینی قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے توانائی، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی، معدنیات اور سمندری وسائل سمیت مختلف شعبوں میں چین کی جانب سے بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ  سی پیک نے پاکستان کی معیشت اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

صدر نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک 2.0 پر ایک منظم حکمتِ عملی کے تحت عملدرآمد جاری ہے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے صنعتی ترقی، گرین انرجی منصوبے، زرعی جدیدکاری، روزگار کے مواقع اور بہتر رابطہ سازی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر  کائی دافنگ نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان چین دوستی کے فروغ کے لیے صدر اور ان کے خاندان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔‎انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر شی جن پنگ اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

‎ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔