اسلام آباد، 21 مئی ( اے پی پی): بنگلہ دیش سول سروس کے افسران کے لیے منعقدہ ایگزیکٹو ڈیولپمنٹ پروگرام کی اختتامی تقریب سول سروسز اکیڈمی ، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ تین ہفتوں پر مشتمل ادارہ جاتی تبادلہ اور استعدادِ کار بڑھانے کا پروگرام نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی ، اسلام آباد میں سول سروسز اکیڈمی کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام تین اہم موضوعات پر مشتمل تھا۔پاکستان میں ایگزیکٹو لیڈرشپ، پاکستان میں گورننس،اور پالیسی انوویشن۔
ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ سی ایس اے، شبیر اکبر زیدی نے شرکاء کو پروگرام کے خدوخال، سرگرمیوں اور نتائج کے بارے میں بریفنگ دی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ پاکستان یوسف رضا گیلانی تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے خطاب میں اس اقدام کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پانچ دہائیوں بعد ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے پارلیمانی تعاون، سول سروس ٹریننگ، پبلک پالیسی، اور لیڈرشپ ڈیولپمنٹ میں باقاعدہ تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط ادارے اور عوامی روابط خطے میں ہم آہنگی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
بنگلہ دیشی وفد کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے سلمیٰ صدیقہ مہتاب نے پروگرام کے دوران پاکستان کی جانب سے دی گئی محبت، گرمجوشی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفد پاکستان آیا تو بطور مہمان تھا، لیکن واپس دوستوں کے طور پر جا رہا ہے، ساتھ ہی پاکستان کی ثقافت، اداروں اور عوام سے متعلق قیمتی تجربات اور یادیں بھی لے کر جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ پروگرام کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا تھا تاکہ شرکاء کو پاکستان کے نظامِ حکمرانی، عوامی اداروں، ترقیاتی اقدامات اور ثقافتی ورثے سے بھرپور آگاہی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے وفاقی و صوبائی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور پاکستان و بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تعاون، مشترکہ سیکھنے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











