لاہور، 21 مئی ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں پاکستان اور ویتنام کی فرنیچر انڈسٹری کے مابین اشتراک اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا دونوں جانب کی فرنیچر انڈسٹری کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ویتنام کے اعزازی قونصل جنرل رضوان فرید، ایم ڈی پیسک مبین الہٰی ،ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ویتنام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فرنیچر ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی ویتنام سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت ،ویتنام میں پاکستان کے سفیر بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ گجرات سے سابق صدر گجرات چیمبر علی گھمن، سابق چیئرمین آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن حماد اسلم ، مروہ فرنیچر سے سعید احمد اور ڈیسنٹ فرنیچر سے چوہدری اعجاز بشیر بھی وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے مابین فرنیچر انڈسٹری میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے ،ویتنام دنیا کو ہرسال تقریباً 17 ارب ڈالر کا فرنیچر برآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان سے 16 ملین ڈالر کا فرنیچر برآمد ہوتا ہے پاکستان میں اعلیٰ معیار کا فرنیچر تیار ہوتا ہے ،گجرات اور چنیوٹ فرنیچر سازی میں شہرت رکھتے ہیں پاکستان فرنیچر کی برآمدات بڑھانے کیلئے ویتنام کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ گجرات میں عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنا رہے ہیں دونوں ممالک کے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں فرنیچر سازی کے حوالے سے تربیت کی فراہمی میں اشتراک ہوسکتا ہے ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور باہمی تجربات کے تبادلے سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جدید زراعت کے فروغ اور سپیڈ ڈویلپمنٹ میں پنجاب اور ویتنام تعاون کرسکتے ہیں، ویتنام کے سرمایہ کار پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائیدہ اٹھائیں ۔انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے ،صوبائی وزیر نے فرنیچر انڈسٹری سے وابستہ ویتنام کے وفد کو پنجاب کے دورہ کی دعوت دی اور کہا کہ ویتنام کے وفد کے دورہ کے بعد پنجاب سے صنعتکاروں کا وفد ویتنام بھجوایا جائے گا ۔











