وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی امریکی سفیر  نیٹلی اے بیکر سے ملاقات

10

اسلام آباد، 22 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کے درمیان اہم ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، ریلوے تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے پاکستان ریلوے کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں گی۔

 دونوں جانب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکا پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجی اور فریٹ سسٹم میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے گا، جبکہ پاکستان ریلوے عالمی شراکت داروں کے لیے نئی ٹریک ایکسس پالیسی متعارف کرا رہا ہے جس میں امریکی سرمایہ کاروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ملاقات میں پاکستان ریلوے میں لوکوموٹیوز، ویگنز، فریٹ آپریشنز اور جدید ریلوے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر پاکستان ریلوے اور امریکی کمپنی ویب ٹیک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

‎وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے بیڑے میں شامل 254 امریکی ساختہ لوکوموٹیوز دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کی روشن مثال ہیں۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ریلوے روابط بڑھانے کے لیے اہم علاقائی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جن میں ازبکستان، قازقستان، نوکنڈی اور گوادر تک ریلوے روابط شامل ہیں، جو خطے میں تجارت اور رابطہ کاری کے فروغ

میں اہم کردار ادا کریں گے۔