عیدالاضحیٰ پر ملتان میں فول پروف سکیورٹی پلان نافذ، سیف سٹی کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی کا فیصلہ

21

ملتان ,23 مئی (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن  عامر کریم خاں اور ریجنل پولیس آفیسر    محمد عثمان گوندل نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیف سٹی آفس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں عید ایام کیلئے مرتب کردہ خصوصی مانیٹرنگ اور سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہر بھر میں نصب سیف سٹی کیمروں کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے گی جبکہ اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، مویشی منڈیوں، عیدگاہوں اور حساس مقامات پر خصوصی فوکس رکھا جائے گا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیف سٹی سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی سے مزید مؤثر بنایا گیا ہے جس کے تحت فیلڈ ٹیموں کی نقل و حرکت، ٹریفک کی روانی، صفائی آپریشن اور شہری شکایات کی مسلسل نگرانی ممکن ہوگی۔ اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو اداروں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو محفوظ، پرامن اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی بروقت تلفی، صفائی آپریشن کی مؤثر نگرانی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کنٹرول رومز کو فعال رکھا جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔آر پی او محمد عثمان گوندل نے اس موقع پر کہا کہ عیدالاضحیٰ کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے تحت حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی چیکنگ کا عمل سخت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیمیں گشت، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز کے ذریعے امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں گی۔آر پی او نے مزید بتایا کہ جدید ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ٹریفک مینجمنٹ، صفائی آپریشن اور ویسٹ کلیکشن کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مشکوک سرگرمیوں پر فوری ردعمل ممکن ہوگا جبکہ فیلڈ میں موجود ٹیموں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔دورے کے دوران افسران نے سیف سٹی کنٹرول روم، مانیٹرنگ سسٹم اور ڈیجیٹل آپریشنز کا بھی جائزہ لیا اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہری سہولت اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔