چوہدری شجاعت حسین سے علماء و مشائخ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات، قومی یکجہتی اور امن پر زور

9

لاہور، 23 مئی (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے علماء کرام، مشائخ عظام اور پارٹی رہنماؤں نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور قومی یکجہتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ علماء کرام اور پارٹی رہنماؤں نے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور قومی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مفتی محمد عثمان افضل قادری نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے جمہوریت کے فروغ اور ملکی استحکام کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا اور وہ اعلیٰ سیاسی بصیرت کے حامل مدبر سیاست دان ہیں۔ علماء کرام نے کہا کہ ان کی رواداری، برداشت اور عوامی خدمت پر مبنی سیاست مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی ہی ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط بنا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن معاشرے کے قیام کے لیے علماء اور مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے اور انہیں امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور عالمی استحکام کے لیے قابل تحسین کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ملک بنایا اور یہی جماعت اسے ایک مضبوط معاشی قوت بھی بنائے گی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی خدمت کے لیے دن رات کام کریں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف میں کی گئی اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام جاری ہے اور اربوں روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ شفافیت کے فروغ کے لیے محکمانہ امور کی ڈیجیٹائزیشن بھی کی جا رہی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، اور علماء و مشائخ کو پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملاقات میں سجادہ نشین نیک آباد موڑاریاں شریف گجرات مفتی محمد عثمان افضل قادری، سجادہ نشین سید میراں حسین زنجانی، سجادہ نشین شاہ عنایت قادری میاں محمد حماد عارف، سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب سردار انس خان قصوری، گوہر شہزاد، شیخ شہزاد اور دیگر رہنما شریک تھے۔