لاہور :آئی جی ڈاکٹر عبدالکریم کی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عیدالاضحیٰ ادائیگی

9

 لاہور، 27 مئی (اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم  نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ریٹائرڈ و حاضر سروس پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

نماز عید کے بعد ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے شہدائے پولیس کی یادگار پر سلامی دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج قوم امن کی فضا میں سانس لے رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور پنجاب پولیس عبادت گاہوں، اہم مقامات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 40 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ شہر بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی پُرامن ماحول میں جاری ہے۔

 انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ قربانی کی کھالیں صرف پنجاب چیرٹی کمیشن سے منظور شدہ اداروں کو دی جائیں کیونکہ کالعدم تنظیموں کو کھالیں دینا یا کسی بھی قسم کی معاونت قانوناً جرم ہے۔نماز عید کے بعد آئی جی پنجاب مختلف یونٹس کے افسران اور لیڈی پولیس اہلکاروں میں گھل مل گئے، ان کے مسائل دریافت کیے اور پولیس بینڈ سمیت درجہ چہارم کے ملازمین میں عیدی بھی تقسیم کی۔دریں اثنا، لاہور ریسکیو 15 عمارت پر 2009 میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی 16ویں برسی بھی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوت قوم کا فخر ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 27 مئی 2009 کو لاہور ریسکیو 15 عمارت پر خودکش حملے میں پنجاب پولیس کے 14 افسران و اہلکار شہید ہوئے تھے جن میں ایک انسپکٹر، دو اے ایس آئیز، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 10 کانسٹیبلز شامل تھے۔