حج کے چوتھے روز حجاج کرام کی رمی جمرات، طوافِ زیارت اور سعی جاری

17

وادیِ منیٰ، 28 مئی (اے پی پی): ایامِ حج کے چوتھے روز حجاج کرام آج تینوں شیطانوں (جمروں) کی رمی کر رہے ہیں جبکہ حج کا تیسرا فرض طوافِ زیارت اور واجب سعی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حجاج کرام کی سہولت کے لیے جمرات اور منیٰ کے 511 چوک سے سعودی شٹل حرم آمدورفت کے لیے دستیاب ہے جبکہ عازمین آج رات بھی وادیِ منیٰ میں قیام کریں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کو مشاعرِ مقدسہ میں نظم و ضبط اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے منیٰ کے خیموں اور راستوں پر کولنگ اور صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے موسم کی شدت کے پیش نظر حجاج کرام کو ہدایت کی کہ دوپہر کے اوقات خیموں میں گزاریں تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہا جا سکے،پاکستان حج مشن کے مطابق حجاج کرام مکتب کے کڑے پر لگے کیو آر کوڈ کے ذریعے راستوں کی درست نشاندہی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ضعیف حجاج کی رہنمائی کے لیے منیٰ کے اہم مقامات پر پاکستان حج مشن کے گائیڈز 24 گھنٹے تعینات ہیں۔