نیویارک ،28مئی (اے پی پی):چین نے پاکستان کے امن کیلئے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو نیویارک میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے سمیت دنیا میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اپنی حمایت کا اعادہ کی .
دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کے حالیہ کامیاب دورہ چین کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور سٹریٹجک تعاون کو اجاگر کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ، اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری اور اقوام متحدہ پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے کے موضوع پر کھلے مباحثہ میں شرکت کیلئے نیو یارک کے دورے پر گئے تھے ۔
یہ مباحثہ 26 مئی کو سلامتی کونسل کی چینی صدارت کے تحت منعقد ہوا تھا۔











