لاہور۔30مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے لاہور میں امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ہفتہ کے روز ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان۔امریکا دوطرفہ تعلقات، تجارت،سرمایہ کاری اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے تجارت، آئی ٹی، توانائی، معدنیات، زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی روابط پاکستان۔امریکہ تعلقات کے اہم ستون ہیں اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار اور پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے،پاکستان امریکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے،ہم امریکی کمپنیوں کے کردار کو سراہتے ہیں۔خطے میں امن و استحکام کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعمیری اور مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بین الاقوامی قوانین کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پانی کو سیاسی دبائو اور جبر کے آلے کے طور پر استعمال کرنا علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔آخر میں پاکستان اور امریکا کے درمیان پارلیمانی روابط اور وفود کے تبادلوں میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔s











