سکردو کے حلقہ نمبر 2 میں مسلم لیگ (ن) کا بڑا عوامی اجتماع، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

5

سکردو،01جون (اے پی پی):  پاکستان مسلم لیگ (ن) اسکردو کے زیرِ اہتمام حلقہ نمبر 2، سکردو میں ایک بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کارکنوں، مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجتماع میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، امیدواران حلقہ نمبر 1 ،حلقہ نمبر 2، ضلع سکردو مسلم لیگ (ن) کے صدر حاجی شفیق سمیت دیگر رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دور میں گلگت بلتستان میں بے مثال ترقیاتی کام انجام دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، یونیورسٹی آف بلتستان کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ قراقرم یونیورسٹی کے ہنزہ، دیامر اور غذر کیمپس بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ترقیاتی وژن کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ شمسی توانائی (سولر انرجی) کے منصوبے، دانش اسکولز، تعلیمی وظائف، لیپ ٹاپ اسکیمیں اور ہاؤسنگ اسکیمیں نوجوانوں اور عوام کی فلاح کے لیے حکومت کے اہم اقدامات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلابی آفات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 4 ارب روپے کے خصوصی امدادی و بحالی پیکج کی منظوری دی، جس کے تحت متاثرہ خاندانوں کی مدد اور نقصان زدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔

خواجہ سعد رفیق اور دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور آئندہ بھی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔