کراچی،01جون (اے پی پی ): : وزیر مملکت برائے مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حجاج اکرام کے لئے کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔
کراچی میں سرکاری حج اسکیم کی پہلی پرواز میں آنے والے حجاج کرام کا استقبال کرتے ہوئے کھیئل ل داس کوہستانی نے کہا کہ اس مرتبہ پاکستانی حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ہیں جس کی وجہ سے تمام حجاج کرام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت مذہبی امور کی ٹیم نے حج کی دوران تمام تر حج آپریشن کی نہ صرف خود نگرانی کی بلکہ حاجیوں کی خدمت کے لئے پیش پیش رہے۔
اس موقع پر انھوں نے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ تمام حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے اور انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اس مرتبہ حج کے بہترین انتظامات کیے ہیں اور تمام حاجیوں نے اس کی وجہ سے پرسکون طریقے سے اپنے فرائض حج ادا کیے ہیں اس پر حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی حج آپریشن مزید بہتر بنایا جائے گا ۔











