حکومت ملک کی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، آئندہ مالی سال کے لیے 1126 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی تجویز دی گئی ہے، احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

10

اسلام آباد، 01 جون )اے پی پی):  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔

پیر کے روز  میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے 1126 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی تجویز دی گئی ہے، جس کا مقصد قومی اہمیت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنا ہے۔ ان کے مطابق تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح کے منصوبے حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔

احسن اقبال نے بتایا کہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این-25 پاکستان ایکسپریس وے سمیت متعدد اہم منصوبوں کے لیے فنڈز تجویز کیے گئے ہیں تاکہ رابطوں کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور تجارت و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے بھی خاطر خواہ وسائل مختص کرنے کی تجویز ہے تاکہ وہاں کے عوام کو بہتر سہولیات اور ترقی کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، زرعی شعبے کی بہتری اور صنعتی ترقی کے ذریعے قومی معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید ہنر فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت متوازن اور دیرپا ترقی کے وژن کے تحت مختلف شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی، بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل اور اقتصادی مواقع میں اضافہ قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لائے جائیں گے۔