کوئٹہ،01 جون(اے پی پی): وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ چمن پھاٹک دھماکے کی تحقیقات اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اور موثر فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیرداخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔











